تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول گوادر کے بجائے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ۔
فیسٹیول کا افتتاح بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین روزہ گرینڈ ٹورازم فیسٹیول میں بلوچستان کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائیگا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار وزارت سیاحت و ثقافت ،پی ٹی ڈی سی ، لوک ورثہ کے اشتراک سے بلوچستان کی تقافت کو فروغ دینے اور اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول کروایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس فیسٹول کا مقصد گوادر میں سرمایہ داری کو فروغ دینے کے لئے بیرونی اور ملکی سرمایہ داروں کو گوادر کی طرف راغب کرنا ہے ۔ لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیسٹول گوادر یا بلوچستان کی جگہ اسلام آباد میں منعقد کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سیکورٹی خدشات کے پیش نظر نیو گوادر کا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل کی تقریب بھی گوادر کے بجائے اسلام آباد میں اونلائن کی گئی تھی ۔ جس میں پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے شرکت کی تھی ۔اور ابتک گوادر سے متعلق کئی پرواگرام اسلام آباد میں کئے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گوادر سیاحت ، اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے منعقدہ یہ تقریبات سی پیک پروجیکٹ کے حصہ ہیں ، سی پیک کو بلوچ سیاسی و عسکری حلقوں کی جانب سے استحصالی منصوبہ قرار دیا جاچکا ہے جس کے ردعمل میں سیاسی حلقوں کی جانب سے اندرون و بیرون ملک مختلف فورمز پر احتجاج کرنا اور بلوچ مسلح آزادی پسند جماعتوں کی جانب سے سی پیک و دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔