ضلع اورکزئی حملے میں پاکستان فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار ہلاک

0

ضلع اورکزئی میں پاکستان فوج کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں فوج دو افسران سمیت گیارہ اہلکار ہلاک، تین اہلکار زخمی اور چھ لاپتہ ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز کی انٹلیجنس کی بنیاد پر ضلع اورکزئی میں کارروائی کے دوران 19 شدت پسند مارے گئے جبکہ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار بھی مارے گئے۔

بدھ کی دوپہر راولپنڈی میں آئی ایس پی آر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سات اور آٹھ اکتوبر کی درمیان شب علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی انٹیلیجنس اطلاعات پر فورسز نے آپریشن کیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ’آپریشن کے دوران 19 شدت پسند فورسز کی فائرنگ سے مارے گئے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاہم ’شدید فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور 33 سالہ میجر طیب راحت اپنے 9 دیگر اہلکاروں کے ساتھ ہلاک ہوگئے۔‘ فوج کے دونوں افسران کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’دیگر 9 اہلکاروں میں نائب صوبیدار اعظم گُل، نائیک عادل حسین، نائیک گُل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔‘