بساک کا کونسل سیشن “بنام بلوچ خواتین و بیاد عطاء شاد و آزات جمالدینی” منعقد ہوگی

25
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اپنا چوتھا مرکزی کونسل سیشن اکتوبر کے مہینے میں “بنام بلوچ خواتین و بیاد بلوچ ادیب عطاء شاد و آزات جمالدینی” منعقد کرے گی۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کا مرکزی کونسل سیشن اکتوبر کے مہینے میں” بنام بہادر بلوچ خواتین و بیاد بلوچ ادیب عطاء شاد و آزات جمالدینی” کے منعقد کرے گی جو بلوچ طلباء سیاست میں فکری اہمیت کے حامل عمل ہے۔ یہ وہ پلیٹ فارم ہے جہاں بلوچ طلباء تنظیمیں اپنے سیاسی و نظریاتی جہتوں کا تعین کرتے ہیں ، نئے اہداف طے کرنے سمیت بلوچ سیاست میں طلباء کے کردار کو مزید منظم و متحرک کرنے کے لیے عملی لائحہ عمل تشکیل دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ تنظیم کا چوتھا کونسل سیشن محض رسمی تسلسل نہیں بلکہ بلو چ طلباء سیاست کی فکری و تنظیمی بلوغت کی علامت ہے۔ اس عہد میں جب بلوچ نوجوانوں کو تعلیمی و تحقیقی میدانوں سے دور رکھا جارہا ہے اور انہیں فکری جمود کی طرف دکھیلا جارہا ہے، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی یہ سمجھتی ہے کہ ان حالات میں بلوچ نوجوانوں کی فکری رہنمائی اور انہیں شعوری و علمی بنیادوں پر منظم کرنا ایک قومی فریضہ ہے۔ اس سیشن میں بلوچ طلباء تنظیمی و سیاسی مباحثوں میں حصہ لے کر اس موقع کو علمی و تحقیقی بنیادوں پر بلوچ طلباء سیاست کو منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس سال تنظیم نے اپنا کونسل سیشن اُن بہادر بلوچ خواتین کے نام منسوب کیا ہے جو تمام تر حکومتی پابندیوں، سماجی رکاوٹوں اور ذاتی مشکلات کے باوجود اپنی قومی جدوجہد سے دستبردار ہونے کے بجائے صفِ اول میں رہ کر بلوچ قومی تحریک میں عملی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اسی طرح یہ سیشن بلوچ ادب کے دو عظیم فکری و ادبی کردار، عطاء شاد اور آزات جمالدینی، کی یاد میں منقعد کیا جا رہا ہے جنہوں نے اپنے قلم اور فکر کے ذریعے بلوچ سماج کو بیدار کرنے اور نئی فکری راہیں متعین کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کو یقین ہے کہ چوتھا مرکزی کونسل سیشن بلوچ طلباء سیاست میں ایک نیا نظریاتی و سیاسی موڑ ثابت ہوگا اوران بلوچ نوجوانوں کے لئے جو بلوچ قوم کی اجتماعی رہنمائی کے خواب کو عملی شکل دینا چاہتے ہیں ایک فکری سنگِ میل ثابت ہوگا ۔