کوئٹہ: زبیر بلوچ کی جدوجہد بلوچ قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ تعزیتی ریفرنس

24

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے زیراہتمام زبیر بلوچ اور نثار جان بلوچ کی یاد میں ایک مشترکہ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین ملک بابل بلوچ، بی ایس او کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین نذر بلوچ، مرکزی سیکریٹری جنرل صمند بلوچ، ایڈوکیٹ ساجد ترین، میر کبیر احمد محمد شہی، علی احمد لانگو، غلام نبی مری، طاہر شاہ (صدر پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان)، نصراللہ بلوچ، ایڈوکیٹ اسحاق بلوچ، حوران بلوچ، اور آغا حق نواز شاہ نے خطاب کیا۔

مقررین نے زبیر بلوچ اور نثار جان بلوچ کی قربانیوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعزیتی ریفرنس ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کی تجدید ہے۔

شرکاء نے کہا کہ شہید زبیر بلوچ ایک اصول پسند، پرامن اور بے باک سیاسی کارکن تھے جنہوں نے اپنی زندگی بلوچ قوم کے بنیادی حقوق، انصاف اور مساوات کے لیے وقف کر دی۔

انہوں نے جبری گمشدگیوں، ماورائے آئین قتل، اور ریاستی جبر کے خلاف آواز بلند کی اور بلوچ طلبہ کو شعور و تنظیم کی راہ دکھائی۔

شرکاء نے متفقہ طور پر کہا کہ انہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نشانہ بنایا گیا تاکہ بلوچ قوم کی حق پر مبنی آواز کو دبایا جا سکے۔

اجلاس میں ریاستی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہید زبیر بلوچ کی شہادت ماورائے آئین قتل ہے، اور ان کی جدوجہد بلوچ قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی تحریک کو زندہ رکھے گی۔

اسی طرح شرکاء نے نثار جان بلوچ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم پرستی، اتحاد اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے بلوچ قوم کے حقوق کے لیے اپنی جان قربان کی۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے بلوچ طلبہ، سیاسی کارکنوں اور تمام حق پرست افراد سے اپیل کی کہ وہ شہداء کے مشن کو اپنائیں، ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کریں، اور بلوچ قوم کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماورائے آئین قتل اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا مشن جدوجہد کی رہنمائی کرتا رہے گا۔