تمپ: بلوچی زبان و ادب کے نامور شعرا کی یاد میں ادبی تقریب کا انعقاد

14

کیچ، تمپ کے علاقے بالیچہ میں 4 اکتوبر 2025 کو کلبر لبزانکی مجلس کلم بالیچہ کے زیراہتمام ایک خوبصورت اور بامقصد ادبی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بلوچی زبان و ادب کے ممتاز شعرا ماسٹر عیسیٰ انسان، عبدالطیف عادل، دوست محمد توفیق اور عبدالواحد شوھاز کی علمی و تخلیقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

پروگرام کے دوران مختلف تقاریر، مشاعرہ، کتاب رونمائی اور موسیقی کے سلسلے شامل تھے، جنہوں نے تقریب کو ایک ہمہ جہت ادبی و ثقافتی رنگ عطا کیا۔

پروگرام کے افتتاحی حصے میں خلیل تگرانی، بجار بلوچ، علی گوھر، نزیر شے مُراد اور نبیل دین نے اپنے خطابات میں یادگار شعرا کی علمی خدمات، فکری اثرات اور بلوچی ادب پر ان کے گہرے نقوش پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ ان شخصیات نے زبان و ثقافت کی ترویج میں جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ادبی نشست کے دوسرے حصے میں شاعر شبیر نور کے تازہ شعری مجموعے ھوناک کی تقریبِ رونمائی منعقد کی گئی اس موقع پر شعرا اور سامعین نے کتاب کے عنوان، اسلوب اور تخلیقی اظہار کو خوب سراہا۔

تیسرے حصے میں بلوچی زبان کے ممتاز شعرا نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا اس مشاعرے کے مہمانِ خصوصی میر عمر میر تھے، مشاعرے میں ارشاد پرواز، علی گوھر، عارف عزیز، خلیل تگرانی، امین عاقل، زہیر اشرف، رستم نود، قادر وفا، باقی شاکر، عبدوست رحیم، آصف اختر، مھراج مھر، مروان مھر، ممتاز اشرف، نجیب حبیب، شہزاد فدا، تاج تاھیر، نصرت اللہ میرل، باھڈ تگرانی، قمبر شاد، اسمائیل ساگر، خمیس تگرانی اور نعمان مجیب سمیت کئی شعرا نے شرکت کی۔

پروگرام کے اختتامی حصے میں نامور فنکار وھاب بلوچ اور سلیم بلوچ نے اپنی سریلی آوازوں سے ماحول کو وجدانی بنا دیا، حاضرین نے فنکاروں کے گیتوں اور ساز کے سحر میں ڈوب کر بھرپور داد دی۔

اس موقع پر مختلف ادبی اداروں کے کتابی اسٹالز بھی سجائے گئے جن میں علم و ادب پبلشرز، ساچ در لبزانکی گَل مکران اور ملا اسمائیل لبزانکی گَل پلا آباد کے اسٹالز نمایاں رہے یہاں بلوچی ادب، شاعری اور تحقیق پر مبنی نایاب کتب موجود تھیں۔

بالیچہ اور گردونواح سے اہلِ قلم، طلبا اور ادب دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو کامیاب بنایا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی مجالس نہ صرف شعرا کی یاد کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں زبان و ثقافت سے محبت کو بھی فروغ دیتی ہیں۔