خضدار: لاپتہ شعیب احمد کی دادی کی پریس کانفرنس، نواسے کی بازیابی کا مطالبہ

24

خضدار پریس کلب میں خضدار کے علاقے گزگی بلوچ آباد کی ایک ضعیف العمر خاتون شہربانو، جو ٹانگوں سے معذور ہیں اور لاٹھی کے سہارے چلتی ہیں، اپنے یتیم نواسے کی گمشدگی کی فریاد لے کر خضدار پریس کلب پہنچیں۔

خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاتون شہربانو نے بتایا کہ ان کا نواسہ شعیب احمد ولد عبدالمنان قوم مینگل ایک یتیم نوجوان ہے، جس کے والدین اس کی کمسنی ہی میں وفات پا چکے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ شعیب احمد کی پرورش انہوں نے خود کی وہی گھر کا واحد کفیل تھا اور ڈرائیوری کرکے گھر کا خرچ اٹھاتا تھا۔

بزرگ خاتون کے مطابق دو ماہ قبل شعیب احمد ضلع آواران کے علاقے جھاؤ گیا تھا، جہاں سے وہ اپنی گاڑی سمیت لاپتہ کردیا، شہربانو نے روتے ہوئے بتایا کہ وہ لاٹھی کے سہارے یہاں تک آئی ہے اور انکا نواسہ انکا سہارا تھا۔

انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وزیراعلیٰ بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر آواران سے فوری مدد کی اپیل کی ان کا کہنا تھا کہ شعیب احمد مینگل کی بازیابی کے لیے حکام فوری اقدامات کریں۔ 

ساتھ ہی انہوں نے بلوچ عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں تعاون کریں اور کسی بھی ممکنہ معلومات کی صورت میں آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی شعیب احمد مینگل کے بارے میں معلومات رکھتا ہو، وہ فوری طور پر خضدار پریس کلب یا ڈپٹی کمشنر آواران کے دفتر سے رابطہ کرے۔