فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے سے شدید تباہی، حادثات میں 69 افراد ہلاک

9

فلپائن کے وسطی علاقے میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں 69 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی اور اس کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن میں سب سے شدید 6 شدت کا تھا۔ تاہم کوئی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش اور بجلی و پانی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے اداروں کو متحرک کردیا ہے۔

شہری دفاع کے اہلکار رافی الیخاندرو نے صحافیوں کو بتایا کہ منگل کی رات تقریباً 10 بجے ساحل سے دور آنے والے اس شدید زلزلے کا مرکز صوبہ سیبو کے شمالی شہر بوگو کے قریب تھا، جہاں کے ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں ۔

شہری دفاع کے علاقائی دفتر کی ترجمان جین اباپو کے مطابق 69 ہلاکتوں کا یہ اعداد و شمار سیبو کے صوبائی ڈیزاسٹر آفس سے حاصل کیا گیا ہے اور اس کی مزید جانچ کی جارہی ہے، ایک اور سرکاری اہلکار نے کہا کہ 150 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے متاثرین کو فوری امداد کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ کابینہ کے وزرا خود متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

34 لاکھ آبادی پر مشتمل سیبو کا شمار فلپائن کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے، یہ شہر زلزلے سے شدید متاثر ہوا، تاہم شدید زلزلے کے باوجود ملک کا دوسرا مصروف ترین ہوائی اڈہ مکتان-سیبو انٹرنیشنل ایئرپورٹ فعال رہا۔

شدید متاثرہ علاقوں میں شامل قصبے سان ریمیگیو کو ہنگامی صورتحال میں رکھا گیا تاکہ امدادی کارروائیوں میں سہولت ہوسکے، قصبے کے ڈپٹی میئر الفی رینیس نے کھانے پینے کا سامان، پانی اور ریسکیو کے لیے بھاری مشینری فراہم کرنے کی اپیل کی۔

مقامی میڈیا نے ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں لوگ گھروں سے باہر بھاگتے اور عمارتوں کو گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جن میں ایک سو سال پرانا چرچ بھی شامل ہے، ڈپٹی میئر کے مطابق مرنے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو سان ریمیگیو کے ایک اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال کھیل رہے تھے، جو جزوی طور پر زمین بوس ہوگیا۔

فلپائن بحرالکاہل کے ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے جہاں آتش فشانی سرگرمیاں اور زلزلے عام ہیں، رواں سال جنوری میں دو بڑے زلزلے آئے تھے تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، جبکہ 2023 میں آنے والے 6.7 شدت کے زلزلے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔