سوراب: ڈی ایس پی مستونگ لاپتہ ہوگئے

1

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) رفیق حمزہ مینگل سوراب کے قریب لاپتہ ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق رفیق حمزہ مینگل گذشتہ روز کی شام حب سے مستونگ کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم سوراب کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ان کی گمشدگی کی اطلاع ان کے ڈرائیور نے سوراب پولیس کو دی۔

یہ تازہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بلوچستان میں سرکاری افسران کی گمشدگی کے کئی اور واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ زیارت کے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کا بیٹا تاحال لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب تمپ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو حال ہی میں چار ماہ بعد بازیاب ہوگئے ہیں۔ انہیں بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے مسلح افراد نے گرفتار کرلیا تھا۔

بلوچستان کئی دہائیوں سے شورش اور مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں کی لپیٹ میں ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کی گمشدگی کے بڑھتے واقعات حکومتی رٹ کے بارے میں سوالات کھڑے کررہے ہیں۔