ضلع کچھی کے علاقے کھٹن میں شفو گینگ کے خلاف لیویز فورس نے سرچ آپریشن کیا ہے۔ جبکہ پشین میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں اور لیویز فورس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں لیویز اہلکار محسن اعوان گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران دو ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق گینگ کے اہم کارندے میر حسن ہالہ سمیت پندرہ سے زائد ساتھیوں کے ٹھکانے محاصرے کے بعد نذر آتش کردیے گئے۔
علاقے میں گینگ کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ لیویز فورس نے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر گھروں کا محاصرہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب ضلع پشین کے علاقے کلی بٹے زئی کے قریب مسلح افراد نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں لیویز نائک بسم اللہ موقع پر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک اہلکار کی میت ضابطہ کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کردی گئی ہے۔