ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ سے دو پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے جسم کافی حد تک خراب ہوچکے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق لاشوں کی جیبوں سے شناختی کارڈ ملے ہیں، جن کی مدد سے ایک متوفی کی شناخت معراج ولد شیر محمد، ساکن کوچگ گلی اور دوسری کی شناخت طلال احمد ولد عبدالرشید، ساکن کوشک بلیدہ کے طور پر ہوئی ہے۔
متاثرین کے لواحقین کے مطابق دونوں افراد کو رواں سال اگست میں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل بھی متعدد بار جبری گمشدگی کے شکار افراد کی لاشیں مختلف علاقوں سے برآمد ہوچکی ہیں، جن کے حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عوامی حلقے بارہا احتجاج ریکارڈ کروا چکی ہے۔
انسانی حقوق کے ادارے اور بلوچ تنظیمیں طویل عرصے سے یہ الزام عائد کرتی رہی ہیں کہ جبری گمشدگیوں اور ان کے بعد ملنے والی مسخ شدہ لاشوں کے واقعات میں پاکستانی ادارے، بالخصوص پاکستانی فورسز ملوث ہیں۔