بلوچستان کے ضلع کیچ میں قومی شاہراہ ایم-8 پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں کم از کم 12 اہلکار ہلاک جبکہ 28 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، ہلاک اہلکاروں میں ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو دشت کے علاقے میں کنچتی کراس کے قریب پیش آیا، جو تربت شہر سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی فرنٹیئر کور کی بسوں کے قافلے سے ٹکرا دی۔
زخمیوں اور لاشوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں متعدد اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے قبول کرلی ہے۔ بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں کہا کہ کہ ان کی تنظیم نے سی پیک روٹ پر پاکستانی فوج کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
پاکستانی فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ 10 اگست 2025 کو امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ‘فدائی یونٹ’ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کے پہلے سے موجود “خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد” (SDGT) درجے میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی کو 2019 میں متعدد حملوں کے بعد ایس ڈی جی ٹی قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد بھی بی ایل اے نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن میں مجید بریگیڈ کے حملے بھی شامل تھے۔
2025 میں، تنظیم نے مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کے ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی، جس میں سینکڑوں پاکستانی فوجی اہلکاروں کو یرغمال بنایا گیا اور بعدازاں ہلاک کیا گیا۔
امریکی پابندیوں پر بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی کے خصوصی دستے مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا حالیہ فیصلہ ایک بین الاقوامی طاقت کی جانب سے زمینی حقیقتوں سے روگردانی اور نوآبادیاتی بیانیے کی خاموش توثیق ہے۔
جیئند بلوچ نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو نہ حیرت سے دیکھتے ہیں نہ کوئی نیا دباؤ محسوس کرتے ہیں۔ بلوچ لبریشن آرمی وہ مزاحمتی قوت ہے جو صرف قابض ریاست کے عسکری تسلط کے خلاف سرگرم ہے اور صرف اپنے مقبوضہ وطن کی آزادی کے لیے میدان میں ہے۔