بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ جمعے کی صبح مند کے نواحی علاقے کوہ پشت گیاب میں پیش آیا جہاں ایف سی کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سپاہی جمیل احمد اور عزیز اللہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکار موٹرسائیکل پر سوار تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
بلوچستان کا ضلع کیچ پاکستانی فورسز اور مسلح آزادی پسند تنظیموں کے درمیان جھڑپوں اور حملوں کے باعث اکثر خبروں میں رہتا ہے۔ اس سے قبل بھی اسی ضلع میں ایف فورسز کو متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
ماضی میں کیچ کے مختلف علاقوں میں چیک پوسٹوں، گشتی ٹیموں اور سرکاری قافلوں پر حملے کیے گئے ہیں، جن میں درجنوں اہلکار ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔
اب تک آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔