بلوچستان کی علیحدگی پسندی پوری SCO کے لیے خطرہ ہے – شہباز شریف

330

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی پوری ایس سی او کیلیے خطرہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بعض ملکوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں، بلوچستان میں ریاستی دہشتگردی کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے، پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں سے معمول کے مطابق مستحکم تعلقات چاہتا ہے، تنازعات اور کشیدگی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

چین کے بندرگاہی شہر چیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 25 ویں سربراہ مملکت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیر الجہتی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور یکطرفہ رویے سے گریز کرتا ہے اور گزشتہ چند مہینوں کے دوران خطے نے جس طرح نہایت تشویشناک واقعات کا مشاہدہ کیا اس پر ہمیں شدید صدمہ اور گہری مایوسی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں اور تمام ایس سی او ارکان کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت اور احترام کرتا ہے، ہم تمام بین الاقوامی اور دوطرفہ معاہدات کا احترام کرتے ہیں اور تمام ایس سی او ارکان سے بھی ان اصولوں کی پاسداری کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ معاہدات کے مطابق پانی کے جائز منصفانہ حصے تک بلا روک ٹوک رسائی ایس سی او کے کام کو سہل بنائے گی اور ان بڑے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی جن کے لیے اس تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے اور تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، امن، ترقی، خوشحالی کے لیے ایس سی او رکن ممالک کے ساتھ کوششیں جاری رکھیں گے، انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پُرامن حل کیلیے تنازعات پر جامع مذاکرات ناگزیر ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان ایک بہترین منصوبہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم ناقابل قبول ہیں، غزہ میں قحط سالی اور جنگ کافوری خاتمہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی پوری ایس سی او کیلیے خطرہ ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بعض ملکوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں، بلوچستان میں ریاستی دہشتگردی کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کی کامیابی صدرشی جن پنگ کے مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کی عکاس ہے، ایس سی او ہی نہیں تمام نمایاں اقدامات میں چین کی عالمی قیادت نظر آتی ہے۔