پنجگور: دو بھائیوں سمیت چار افراد پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

188

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے دو بھائیوں سمیت چار افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے والوں میں دو بھائی انیس اور چنگیز ولد ملک ابرار، بالاچ بلوچ اور فراز بلوچ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو پنجگور کے علاقے گرمکان سے فورسز نے حراست میں لیا جس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگی ایک سنگین اور دیرینہ مسئلہ ہے انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق جبری گمشدگی کا شکار افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں اور لاپتہ افراد کے لواحقین گزشتہ کئی سالوں سے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کر رہے ہیں۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، دی بلوچستان پوسٹ کو موصولہ رپورٹس کے مطابق رواں مہینے اگست میں پاکستانی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے کم از کم 52 افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

اسی مہینے 12 لاپتہ افراد بازیاب ہوئے ہیں، جبکہ پانچ لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔