ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک خاتون اور ایک مرد کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی، تھانہ تمبو کی حدود میں واقع خان کوٹ میں ایک خاتون اور ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا شاخسانہ ہے، پولیس نے لاشیں اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدامات سامنے نہیں آ سکے۔
گزشتہ ماہ کوئٹہ ڈغاری میں دہری قتل کے ایک واقعے کے باوجود حکومت کے دعوؤں کے برخلاف بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کا سلسلہ نہ تھم سکا۔
ڈغاری واقعہ میں گرفتاریوں کے باوجود گذشتہ ماہ مستونگ میں ایک جوڑے کو شادی کے چھ سال بعد ان کے ہی لواحقین نے قتل کردیا تھا۔
بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہونے والوں کے حوالے سے عورت فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق سال 2019 سے 2024 کے دوران غیرت کے نام پر قتل کے 212 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ان چھ برسوں میں غیرت کے نام پر قتل کی درج ذیل تعداد سامنے آئی:
• 2019 میں 52 افراد
• 2020 میں 51 افراد
• 2021 میں 24 افراد
• 2022 میں 28 افراد
• 2023 میں 24 افراد
• 2024 میں 33 افراد قتل کیے گئے جبکہ اس سال کی تعداد شامل نہیں۔
عورت فاؤنڈیشن کے مطابق یہ صرف وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے، جب کہ درجنوں واقعات ایسے بھی ہیں جو دباؤ، بدنامی، یا مقامی جرگہ سسٹم کے باعث رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے یا منظر عام پر نہیں آتے۔