بلوچستان: 18 اگست سے شدید بارشوں کا امکان، وارننگ جاری

77

پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر صوبے بھر کے لیے وارننگ الرٹ جاری کردیا ہے۔

ادارے کے مطابق 18 اگست سے 22 اگست تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز اور درمیانی شدت کی ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں خضدار، قلات، آواران، لسبیلہ، سوراب، کیچ، گوادر، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، شیرانی، دُکی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، سبی اور پنجگور شامل ہیں۔

ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خستہ حال عمارتوں میں قیام سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے بچیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔

پی ڈی ایم اے نے زمینداروں اور کاشتکاروں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے زرعی آلات، سولر پینلز اور دیگر قیمتی سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔

مزید برآں تمام متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے ایمرجنسی پلان فعال رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔