خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 321 ہلاکتیں،متعدد لاپتہ

40

خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں 321 افراد جانبحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے کئی اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ مزید نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں ہوئی، جہاں 184 افراد جانبحق ہوئے۔

اسی طرح دیگر متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل شنگلا 36 ہلاکتیں، مانسہرہ 23، سوات 22، باجوڑ 21، بٹگرام میں 15، لوئر دیر میں 5، ایبٹ آباد میں ایک بچہ ڈوبنے سے جانبحق ہوا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر جانبحق افراد میں 279 مرد 15 خواتین 13 بچے شامل ہیں کئی مقامات پر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

ادھر امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس میں سوار پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہیں۔