بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک لیویز اہلکار کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات تحصیل جوہان کے علاقے نرمک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار بھلو خان ولد گدائی لہڑی سکنہ نرمک کو قتل کردیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، ضروری کارروائی مکمل کی اور نعش ورثا کے حوالے کردی۔
دوسری جانب گواندان سے قبائلی رہنما میر خضر حیات ولد محمد حیات شاہوانی سکنہ اسکلکو کی نعش برآمد ہوئی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو مسلح افراد نے چند روز قبل ان کے گھر سے اغوا کیا تھا۔
پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی۔
اوستہ محمد میں کھیر تھر کینال سے گزشتہ روز 25 سالہ نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے لاش نکال کر اس کی شناخت دانیال کھوسہ کے نام سے کی جو گوٹھ آدم کھوسہ جیکب آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
دریں اثناء جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے چشمہ اچوزئی سے پولیس نے ایک نامعلوم شخص کی نعش قبضے میں لے کر اسپتال پہنچائی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد شناخت کے لیے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہے۔