سبی، مستونگ اور کوئٹہ میں دستی بم حملے، پولیس آفیسر زخمی

93

بلوچستان کے تین مختلف شہروں میں پیر کے روز دستی بم حملوں کے واقعات پیش آئے جن میں ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پہلا واقعہ گذشتہ شب سبی کے چاکر روڈ پر گرلز کالج کے سامنے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اس وقت اہلکار سنیپ چیکنگ میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر دستی بم پھینکا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے میں اے ایس آئی محمد افضل زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال سبی منتقل کیا گیا۔

دوسرا واقعہ مستونگ میں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔ پولیس کے مطابق دستی بم کمپلیکس کے احاطے میں گرا اور زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

ادھر دارالحکومت میں گذشتہ شب ایریگیشن دفتر کے قریب تعینات پولیس اہلکاروں کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے بعد فورسز اہلکاروں کو مذکورہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی۔