تُربت: فورسز کا آپریشن، کمسن لڑکے سمیت دو افراد جبری لاپتہ

56

تُربت میں پاکستانی فورسز کے آپریشن کے دوران جبری گمشدگی کا شکار افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، گزشتہ شب پاکستانی فورسز نے تربت کے نواحی علاقے گوگدان کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور متعدد مقامی افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق رات تقریباً دس بجے سوراپ پُل کے مقام پر فورسز کی گاڑی پر بم حملے کے بعد پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی میں علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک کمسن لڑکے سمیت دو افراد کو حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے تھے جس کے بعد سے دونوں افراد جبری لاپتہ ہیں۔

جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والوں کی شناخت فضل الہی ولد الہی بخش اور زید ولد زاہد علی کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کو ان کی دکان سے حراست میں لیا گیا۔

فضل الہی کے اہل خانہ کے مطابق وہ ایک سنگین بیماری میں مبتلا ہیں اور زیرِ علاج ہیں وہ مقامی مسجد کے پیش امام کے بیٹے ہیں۔ 

اہل خانہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فضل الہی اور دکان میں ان کے ساتھ کام کرنے والے کم عمر بچے لڑکے کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔