بلوچستان: پندرہ دنوں کے لئے دفعہ 144 نافذ

236

حکومت بلوچستان نے بلوچستان بھر میں 15 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ اقدام محکمہ داخلہ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق یکم اگست سے بلوچستان بھر میں ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زائد افراد کے کسی بھی عوامی مقام پر جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ جلسے جلوس، ریلیاں، عوامی اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ تاریخی طور پر یہ مہینہ بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی کارروائیوں میں اضافے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اگست کے پہلے دو ہفتے ماضی میں سب سے زیادہ حساس رہے ہیں۔

جبکہ بلوچستان میں سرگرم مسلح آزادی پسند تنظیموں نے عوام کو 14 اگست کی تقریبات سے دور رہنے کی اپیل کی ہے ۔

ماضی میں بھی پاکستانی آزادی کی مناسبت سے بلوچستان میں ہونے والے تقریبات پر حملوں کے علاوہ پاکستانی پرچم کے اسٹالوں پر بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔