تُربت: گلزار دوست بلوچ کی ضمانت منظور، ایک ماہ بعد جیل سے رہائی

83

انسانی حقوق کے سرگرم کارکن گلزار دوست بلوچ کو انسداد دہشتگردی کے دو الگ الگ مقدمات میں مہینہ بھر قید میں رکھنے کے بعد آج عدالت سے ضمانت مل گئی، جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا۔

گلزار دوست بلوچ کو گزشتہ ماہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے ایک احتجاجی مظاہرے میں مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا تھا، اور ان پر دو ایف آئی آر درج کی گئی تھیں جن میں دہشتگردی کی دفعات شامل تھیں۔ ان مقدمات میں انہیں انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل کا سامنا ہے۔

آج کی عدالتی سماعت میں، گلزار دوست کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں رہائی ملی، جس پر ان کے اہل خانہ، وکلاء اور سماجی کارکنوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی رہائی کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر بنائے گئے مقدمات کو اب بھی آزادیِ اظہار رائے کے خلاف کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گلزار دوست بلوچ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج اور انسانی حقوق کی بازیابی کے لیے متحرک آواز سمجھے جاتے ہیں، اور ان کی گرفتاری کے بعد ملکی و بین الاقوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔