قلات اسٹوڈنٹس فورم کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ‘کے ایس ایف’ کو باقاعدہ طور پر بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی میں ضم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کے ایس ایف، جو کہ بلوچ فکر و نظریے پر کاربند ایک فکری و تعلیمی مگر علاقائی غیر سیاسی تنظیم تھی، اب اسی نظریاتی ہم آہنگی کی بنیاد پر بلوچستان کے سطح پر متحرک طلبہ تنظیم، BSAC، کا حصہ بن رہی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ قلات اسٹوڈنٹس فورم 2022 سے علاقے میں طلبہ و طالبات کے تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنے، شعور بیدار کرنے، اور تعلیمی رہنمائی فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہی ہے۔ یاد رہے کہ قلات اسٹوڈنٹس فورم اور بساک کے درمیان روزِ اول سے فکری قربت، اشتراکِ عمل، اور ہم آہنگی موجود رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی فکری پختگی، تعلیمی جدوجہد، اور بلوچ زبان و ثقافت کی ترویج میں کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہی بنیادوں پر ہم نے وقت اور حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے KSF کو BSAC میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ علاقائی حد بندیوں سے بالاتر ہوکر بلوچ طلبہ کی یکجہتی، شعوری ترقی، اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ یہ انضمام قلات سمیت پورے بلوچستان میں ایک مثبت، منظم اور فکری تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔