کوئٹہ: سردار اختر مینگل کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر دبئی جانے سے روک دیا گیا

77

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق رکنِ پاکستان اسمبلی سردار اختر مینگل کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

بی این پی سربراہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ امیگریشن حکام نے انہیں بورڈنگ کے مرحلے پر روک کر پرواز سے اتار دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں شامل ہے، جس کے باعث انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سردار اختر مینگل کو اس اقدام کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی، جس پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

بی این پی کے ترجمان نے اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی ادارے جمہوری آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ PNIL ایک ایسی فہرست ہے جس میں شامل افراد کو محدود مدت کے لیے ملک چھوڑنے سے روکا جا سکتا ہے، تاہم اس کی بنیاد پر کسی کو روکنے کے لیے واضح قانونی وجوہات اور طریقہ کار کا ہونا لازمی ہے۔