مستونگ: ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ، ایک اہلکار ہلاک، تین زخمی

130

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں چوتو کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ایکٹنگ ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ معمول کی گشت پر تھے۔

ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی، بلوچستان میں فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آ چکے ہیں۔