بلوچستان میں مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں: 16 افراد جانبحق، درجنوں مکانات متاثر

156

بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں نے شدید تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ہلاکتیں مکانات گرنے، سیلابی ریلوں میں بہہ جانے اور دیگر بارش سے منسلک حادثات کے باعث ہوئیں۔

متاثرہ علاقوں میں ژوب، زیارت، موسی خیل، خضدار، لورالائی، لسبیلہ اور کوہلو شامل ہیں جہاں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق 28 جون سے جاری بارشوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 58 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 11 مکمل طور پر منہدم اور 47 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ٹینٹ اور دیگر بنیادی امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں مقامی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مون سون کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔