دُکی سے تین افراد کی لاشیں برآمد

128

دُکی سے اطلاعات کے مطابق پولیس تھانہ یاروشہر کے حدود میں ندی سے تین نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، جبکہ لاشوں کے قریب سے ایک کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی ملا ہے۔

لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال دُکی منتقل کردیا گیا ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال لاشوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تینوں افراد کو فورسز نے جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے، تاہم سیکورٹی حکام کی جانب سے کوئی دعویٰ تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر سیکورٹی فورسز کی جانب سے ٹارگٹ آپریشنز میں متعدد افراد کو قتل کیا گیا ہے۔

پاکستانی فورسز ان افراد کو دہشتگرد قرار دے کر مقابلوں میں مارے جانے کا دعویٰ کرتی ہیں، تاہم بعد ازاں تحقیقات میں یہ بات سامنے آتی ہے کہ ان میں سے کئی افراد پہلے ہی فورسز کے حراست میں تھے اور جبری لاپتہ تھے۔