بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گرمکان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق ڈیتھ اسکواڈ سے تھا۔
یہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً گیارہ بجے پیش آیا، فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد بھائی تھے۔ رحمت اللہ ولد حمید موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ ان کا چھوٹا بھائی سعد اللہ شدید زخمی ہو گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حملہ آور جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔
بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کی اصطلاح ان غیر رسمی مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جن پر الزام ہے کہ وہ پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کی حمایت سے کام کرتے ہیں۔
بلوچ قوم پرست حلقے ان گروہوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہیں، جن میں سیاسی کارکنوں، قوم پرستوں کی جبری گمشدگی، ٹارگٹ کلنگ اور تشدد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص، رحمت اللہ، ایک ایسے ہی ڈیتھ اسکواڈ کا رکن تھا۔ تاہم واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے جبکہ ماضی میں اس نوعیت کے واقعات کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتے آرہے ہیں۔