کیچ: دو بم دھماکے، پاکستانی فورسز اور رسد گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا

102

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں آج دو مختلف مقامات پر بم دھماکوں میں پاکستانی فورسز اور ان کے لیے رسد لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ان دھماکوں میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

پہلا دھماکہ زامران کے علاقے نرمگی میں اس وقت ہوا جب پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑی میں سوار تمام اہلکار یا تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے یا شدید زخمی ہوئے۔

دوسرا حملہ زامران ہی کے علاقے گیشتگان میں پیش آیا جہاں ایک رسد لے جانے والی ٹرک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ گاڑی پاکستانی فورسز کے لیے رسد اور سازوسامان لے جا رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

تاحال کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر حملے ماضی میں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

بلوچستان پاکستانی فورسز پر اس نوعیت کے حملے ایک عرصے سے جاری ہیں، تاہم حالیہ مہینوں میں ان میں تیزی دیکھی گئی ہے۔