لیورپول میں ایک گاڑی لوگوں کے ہجوم سے ٹکرا گئی، چار بچوں سمیت 27 افراد زخمی

82

پیر کے روز انگلینڈ کے شہر لیورپول میں فٹ بال کلب کی پریمیئر لیگ میں کامیابی کے بعد نکالی جانے والی ریلی کے دوران ایک گاڑی متعدد افراد سے ٹکرا گئی، اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیورپول فٹ بال کلب کی پریمیئر لیگ میں کامیابی کی خوشی میں یہ تمام لوگ لیورپول شہر کے مرکز میں ایک ریلی کی صورت میں جمع تھے کہ جب یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس نے اس معاملے میں ایک 53 سالہ برطانوی شہری کو گرفتار کیا ہے جن پر یہ الزام ہے کہ وہ گاڑی چلا رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایکس پر جاری ایک بیان میں لیورپول کے مناظر کو خوفناک قرار دیا اور کہا کہ ’میری دعائیں اور ہمدردیاں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں کہ جو اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔‘