روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ: ’پوتن بالکل پاگل ہو گئے ہیں‘ – ڈونلڈ ٹرمپ

243

روس کے یوکرین پر حالیہ حملے پر ردِ عمل دیتے ہوئے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے خوش نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا، ’انھیں کیا ہو گیا ہے؟ وہ بہت سے لوگوں کو مار رہے ہیں۔‘ بعد ازاں انھوں نے روسی صدر کو ’بالکل پاگل‘ قرار دے دیا۔

سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب روس کی جانب سے یوکرین پر 367 ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ روس-یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے ماسکو کی جانب سے ڈرونز اور میزائلوں کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی قیادت پر واقعی سخت دباؤ کے بغیر اس ظلم کو روکا نہیں جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’امریکہ کی خاموشی صرف پوتن کی حوصلہ افزائی کرے گی۔‘

اتور کے روز نیو جرسی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا پوتن کے بارے میں کہنا تھا، ’میں انھیں ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں اور ہمیشہ ان کے ساتھ اچھی بنی ہے لیکن وہ شہروں پر راکٹ داغ کر لوگوں کو ہلاک کر رہے ہیں، اور یہ مجھے بالکل پسند نہیں۔‘

بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں لکھا کہ پوتن ’بالکل پاگل ہو گئے ہیں۔‘

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ صدر پوتن پورا یوکرین حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اب شاید یہ سچ ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ’اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو یہ روس کے زوال کا سبب بنے گا۔‘

صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جس طرح سے بات کر رہے ہیں اس سے وہ اپنے ملک کا کوئی فائدہ نہیں کر رہے۔

’ان کے منہ سے جو نکلتا ہے وہ مسئلے کا باعث بنتا ہے، یہ مجھے پسند نہیں اور اسے بند ہونا چا ہیے۔‘