پاکستانی فوج نے سول ہسپتال کوئٹہ کو لاشوں سے بھر دیا ، انسانی حقوق کی تنظمیں شناخت کے لیے ریاست پر دباؤ ڈالیں۔ بی این ایم

168

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ئے کہ
انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق سول ہسپتال شال کے مردہ خانے میں پاکستانی فوج کی جانب سے بڑی تعداد میں لاشیں لائی گئی ہیں، جن کی تعداد اب تک پچاس بتائی جاتی ہے۔ ان افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، اور مردہ خانے میں گنجائش نہ ہونے کے باعث لاشیں ایک دوسرے کے اوپر رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ جبری لاپتہ افراد کی لاشیں ہیں جو پاکستانی فوج کی حراست میں تھے اور دوران حراست ہلاک کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر ان لاشوں کی شناخت کے لیے اقدامات کریں اور حکومت پاکستان پر دباؤ ڈالیں کہ ان لاشوں کے ساتھ احترام سے پیش آئے، اور لواحقین کو اپنے عزیزوں کی تدفین اپنے مذہب اور روایت کے مطابق کرنے کی اجازت دی جائے۔

مزید کہاکہ یہ واقعہ سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ضلع کیچ میں بلوچ سرمچاروں کی شہادت کے بعد ان کی لاشیں بھی پاکستانی فوج نے قبضے میں لی تھیں، اور لواحقین کے احتجاج کے باوجود واپس نہیں کی گئیں۔ یہ حرکت ریاست کے شیطانی چہرے کو مزید واضح کرتی ہے ، جبری گمشدگیاں اور حراستی ہلاکتیں، بلوچ قومی تحریک کو دبانے کا ذریعہ نہیں بن سکتیں۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستانی فوج کی جانب سے بھارت کے ساتھ جنگ کا تاثر دے کر پنجاب میں جنگی ماحول پیدا کرنا، درحقیقت بلوچستان میں فوجی کارروائیوں اور قتل و غارت کو تیز کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اصل نشانہ بلوچ قوم ہے۔