نوشکی: آئل ٹینکر دھماکہ، مزید چھ افراد کراچی میں دم توڑ گئے

155

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پیٹرول سے بھرے ٹرک میں ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید چھ افراد کراچی میں دم توڑ گئے ہیں، جس کے بعد اس واقعے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال میں پانچ زخمیوں نے گزشتہ رات دم توڑا، جبکہ ایک اور زخمی، تنویر، آج صبح انتقال کر گیا۔ دیگر کئی افراد اب بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

واضح رہے کہ یہ المناک واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا، جب نوشکی میں ٹرک اڈے کے قریب ویلڈنگ کے دوران ایک تیل بردار ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے بعد علاقے کے لوگ اسے بجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران ٹرک کے ایک ٹینک میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ٹرک ڈرائیور موقع پر جاں بحق اور درجنوں افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔

حادثے کے 17 شدید زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں مسلسل ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، ٹرک میں آگ شہر کے مشرقی علاقے میں ویلڈنگ کے دوران لگی۔ اگر یہ دھماکہ قریبی تیل کے ڈپوز کے قریب ہوتا تو تباہی کی شدت کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔

جاں بحق ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت عبدالرؤف کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ مزید تحقیقات پولیس کر رہی ہے۔

حادثے کے وقت فائر بریگیڈ مؤثر طریقے سے کام نہیں کر سکی، جس کی وجہ سے مقامی افراد نے خود آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران ٹرک میں زوردار دھماکہ ہوا، جس سے ساٹھ سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

مقامی افراد نے فائر بریگیڈ کی ناکامی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔