حکومت کل تک 3 ایم پی او کیس کے حوالے سے کوئی مثبت خبر نہ لائی تو عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ بلوچستان ہائی کورٹ

76

بی وائی سی رہنماؤں اور کارکنوں، بی این پی اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے تھری ایم پی او کیس کی اہم سماعت بلوچستان ہائی کورٹ میں ہوئی۔

ساجد ترین ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ہمارے کیس میں آج کی ڈیڈ لائن دی تھی اور حکومت کو 3 ایم پی او آرڈرز واپس لینے کا حکم دیا تھا۔

جس پر حکومت بلوچستان نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے سماعت پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کا اجلاس چل رہا ہے اور معاملہ وہیں پیش کیا جا رہا ہے۔ اگر صرف ایک دن مزید دیا جائے تو ہم مثبت جواب دیں گے۔

جس پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا نے کہا کہ حکومت معاملے میں تاخیر کر رہی ہے، ہم کل تک حکومت کو آخری موقع دے رہے ہیں۔ اگر کل کی سماعت میں حکومت 3ایم پی او کیس کے حوالے سے کوئی مثبت خبر نہ لائی تو عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

اس موقع پر بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، ظریف بلوچ ایڈووکیٹ، جلیل لانگو ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایڈوکیٹ عمران بلوچ کے مطابق ڈاکٹر حمل بلوچ، جنہیں کوئٹہ کی ضلعی جیل میں 3 ایم پی او کے تحت حراست میں رکھا گیا تھا، کل ان کے کیس کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ میں مقرر تھی، تاہم آج رہا کر دیے گئے ہیں۔