بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ پریس کلب میں تقاریب اور پریس کانفرنسز کے انعقاد سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار خان حلیمی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایک آئینی درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔
یہ درخواست شہری حسن کامران کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پریس کلب میں تقاریب کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینے کا فیصلہ اظہارِ رائے کی آزادی کے خلاف ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران بلوچ نے پیٹیشن کی پیروی کی۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ڈی سی کوئٹہ کے حکم کو معطل کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی ہے۔