بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ مستونگ میں جاری دھرنے کو ختم کرنے کے حوالے سے سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ذاتی حیثیت میں رابطہ کیا تاہم دھرنے کے خاتمے کی کوئی بات نہیں کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا دھرنا بدستور جاری ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے اب تک کوئی سنجیدہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
سردار اختر مینگل نے موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے خود سڑکیں بند کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سمیت تمام وزراء بے اختیار نظر آتے ہیں اور ان کا دھرنے میں آنا جانا بھی بے سود ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف عوام کو سزا دے رہی ہے بلکہ گزشتہ 12 روز سے سڑکیں بند کر کے اپنی ہی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔
اختر مینگل نے بتایا کہ مرکزی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے بھی رابطے کیے گئے ہیں تاہم تاحال کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا۔