کسی سیاسی مفاد کے لیے بلوچستان کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں – کور کمانڈرز کانفرنس

287

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جمعے کو آرمی چیف عاصم منیر کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس میں کہا گیا ہے کہ ’بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی کی قیمت پر اپنے سیاسی مفادات کو آگے بڑھانے والے سماجی تخریبی عناصر اور ان کے نام نہاد سیاسی حامیوں سمیت غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے پراکسیز کے مذموم عزائم کو بلوچستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔‘

’تمام ملکی اور غیر ملکی عناصر کا اصل چہرہ، ان کے درمیان گٹھ جوڑ اور افراتفری پھیلانے کی ان کی کوششیں بے نقاب ہو چکی ہیں اور ان سے بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔‘

دریں اثنا کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’فورم نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) کے دائرہ کار میں ویژن عزم استحکام پر تیزی سے اور موثر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے پوری قوم کے نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔

’ریاستی نظام اور ادارے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے قانون پر سختی سے عمل درآمد کریں گے اور کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔‘

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’فوج حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کے نفاذ میں مکمل تعاون فراہم کرے گی جو دہشت گردی کی مالی معاونت سے جڑی ہوئی ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔‘