ماہ رنگ، سمی اور دیگر اسیران کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ ایچ آر سی پی

86

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، سمی دین بلوچ، لالا وہاب بلوچ اور دیگر سیاسی اسیران کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایچ آر سی پی کے چیئرمین اسد اقبال بٹ، عورت فاؤنڈیشن کی مہناز رحمان اور دیگر انسانی حقوق کے رہنماؤں نے بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کراچی میں بلوچ خواتین پر تشدد اور ان کی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہر شہری کا آئینی حق ہے، اور ان کارکنان کی گرفتاری ان حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کرے اور بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کرے۔