بلوچستان: شاہراہوں کی ناکہ بندی، سی ٹی ڈی آفیسر سمیت چھ افراد ہلاک

1493

بلوچستان بھر کے اہم شاہراہوں پر مسلح افراد کی ناکہ بندی اور فائرنگ سے سی ٹی ڈی آفیسر سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مستونگ کے علاقے چوتو کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار اے ایس آئی جاوید لہڑی ہلاک جبکہ ایک سی ٹی ڈی اہلکار حبیب زخمی ہوگیا۔

جبکہ مستونگ کے علاقے کاریز امان اللہ کے مقام پر مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کرکے ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا ہے۔

دوسری جانب گوادر کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق گوادر سے تقریباً 150 کلومیٹر دور اورماڑہ کے نزدیک کلمت کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران گوادر سے کراچی جانے والی بس سے سات افراد کو اُتارا گیا۔ مسلح افراد نے پانچ افراد کو گولیاں مار کر ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا- جبکہ مسلح افراد نے ایک گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔

خیال رہے کہ بدھ کو بولان، مستونگ، کیچ، قلات، خاران، پنجگور اور گوادر سمیت مختلف علاقوں میں اہم قومی شاہراہوں کی ناکہ لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔

اس دوران مختلف علاقوں سے پاکستانی فورسز پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔