ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کوئٹہ سے گذشتہ دنوں ناصر قمبرانی کی جبری گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایچ آر سی پی نے اپنے بیان میں کہا ہے ناصر قمبرانی جو کہ مشہور شاعر نادر قمبرانی کے بیٹے ہیں کو چند روز قبل کوئٹہ میں ان کی رہائش گاہ سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایچ آر سی پی نے اپنے بیان میں اس اغوا کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناصر قمبرانی کے حقِ آزادی کی منظم خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
تنظیم کے مطابق ناصر قمبرانی کے اہلخانہ نے بتایا ہے پہلا موقع نہیں ہے جب ناصر قمبرانی کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہو، انہیں 2015 میں بھی جبری گمشدگی اور غیر قانونی حراست کا نشانہ بنایا گیا تھا اور بعد ازاں 2018 میں رہا کیا گیا تھا۔
ایچ آر سی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ ناصر قمبرانی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور ان کے اغوا میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
تنظیم نے جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی غیر انسانی کارروائیوں کو روکیں۔