کراچی: پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ، تین اہلکار زخمی

81

کراچی : پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ 2 اہلکار معمولی زخمی ہیں تاہم ایک اہلکار کی آنکھ کے پاس چھرّا لگا ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر پریڈی تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے مرکزی دروازے کے قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

کریکر دھماکے سے تھانے کی دیوار پر نشانات پڑگئے، واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرناشروع کردیے۔

پریڈی تھانے پر کریکر حملے کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر پھینکا۔ موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے جو تھانے میں ڈیوٹی افسر کے کمرے کے باہر گرا، زخمی اہلکاروں کی شناخت ارشد عامر اور ریاض کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ شب 12بج کر16منٹ پر تھانے کے اندر ایک گرنیڈ پھینکا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں ہمارے 3 اہلکار زخمی ہیں، آر جی ڈی 5 گرنیڈ سے تھانے پر حملہ کیا گیا ہے، تینوں سپاہی اس وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے جو زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے حملہ آوروں تک پہنچیں گے، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔