زہری: 9 جبری لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہوسکیں، لواحقین کا سوراب کے قریب شاہراہ پر دھرنا

53

مظاہرین نے سوراب کے قریب کوئٹہ کراچی سمیت سی پیک شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے تمام شاہراہ کو بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل زہری سے تعلق رکھنے والے لاپتہ 9 افراد کی عدم بازیابی کے خلاف لواحقین نے سوراب کے قریب سی پیک، زیرو پوائنٹ پر دھرنا دیکر شاہراہ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا ہے۔

سوراب مظاہرین میں جبری لاپتہ مجیب الرحمن بوبک ولد محمد انور، عتیق الرحمن بوبک ولد عبد القادر، محمد حیات مٹازئی ولد محمد عمر، حافظ سراج احمد پندرانی ولد دین محمد، زاہد احمد ولد عبدالحمید موسیانی، یاسر احمد ولد گل محمد موسیانی، زکریا ولد سعد اللہ، نوید احمد ولد عبد الرشید موسیانی، محمد شفیق ولد محمد حیات کے لواحقین شامل ہیں۔

لواحقین کے مطابق مذکورہ افراد کو مختلف اوقات میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے پاکستانی فورسز نے حراست بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جس کے بعد سے وہ منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔

‎مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے پیاروں کی بازیابی کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جاتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید برآں لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور جبری لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے آج زہری بازار سمیت مختلف دھاتوں میں دکانیں بند اور دفاتر بند رہے۔