بلوچ نیشنل موومنٹ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نیدرلینڈز چیپٹر کے جنرل سیکرٹری دیدگ بلوچ ، عبدالواحد بلوچ ، رقیہ بلوچ اور عمران حکیم نے بیلجیم میں پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے پشتون قومی جرگہ میں شرکت کی۔
بیان کے مطابق اس موقع پر دیدگ بلوچ نے کہا بلوچ اور پشتون اقوام تاریخی، جغرافیائی اور ثقافتی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں اقوام ایک جیسے استحصالی نظام اور جبر کا سامنا کر رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی طرح پشتون قوم بھی ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور وسائل کی لوٹ مار جیسے مظالم کا شکار ہے۔ ہم پہ ایک ایسی ریاست قابض ہے جس کی عمر ہمارے باپ داداؤں سے بھی کم ہے ۔
بی این ایم کے نمائںدے نے کہا قومی تحریکوں کی کامیابی یکجہتی، قربانی اور مزاحمت میں ہے۔ بلوچ نیشنل موومنٹ ہمیشہ سے مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور پشتون قوم کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ استحصال کے خلاف ایک مؤثر مزاحمت کی جا سکے۔
دیدگ بلوچ نے پشتون قومی جرگہ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچ اور پشتون اقوام اپنی آزادی اور حقوق کے لیے مل کر ایک مؤثر حکمت عملی اپنائیں گی۔