پسنی: جبری گمشدگیوں کے خلاف دھرنا، شاہراہ بند

33

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے تحصیل پسنی میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر لاپتہ سیاسی کارکنوں کی بازیابی کے لیے دھرنا جاری ہے جب کہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔

پسنی میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے پبلیکیشن سیکرٹری، وحید مجید، اور ان کے دو بھائیوں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ زور پکڑ گیا ہے۔

بی این پی اور لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کی جانب سے پسنی کے زیرو پوائنٹ پر احتجاجاً سڑکیں بلاک کی گئیں۔

مظاہرین نے تمام ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہ نکالیں اور سفر سے گریز کریں تاکہ احتجاجی مہم میں تعاون کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وحید مجید کو ان کے تین بھائیوں سمیت پاکستانی فورسز نے گھر سے اُٹھا کر لاپتہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں، ان کا ایک بھائی بازیاب ہو چکا ہے، تاہم وحید مجید اور ان کے دو دیگر بھائی تاحال لاپتہ ہیں۔

اس سے قبل حق دو تحریک کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد احتجاج وقتی طور پر ختم کر دیا گیا تھا، لیکن عدم بازیابی کے باعث مظاہرے دوبارہ شروع کر دیے گئے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے فوری کارروائی اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔