کوئٹہ: ناصر بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

447

اطلاعات کے مطابق آج کوئٹہ شہر میں لاپتہ بلوچ نوجوان ناصربلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف خاندان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ناصربلوچ ولد میر عبدالغفار لانگو کی عدم بازیابی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ے کا اہتمام کیاگیا جس میں بلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے بھی شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ناصر بلوچ کے بہن ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ میرا بھائی سائنس کالج کوئٹہ کا ایک اسٹوڈنٹ ہے ،ان کی حراست کے بعد گمشدگی کو دو مہینے پورے ہورہے ہیں لیکن اب تک ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ وہ کس حال میں ہیں، ہم اس احتجاج کے ذریعے میڈیا اور دوسرے تمام اداروں کو اپنی آواز پہنچانا چاہتے ہیں کہ اگر ہمارے بھائی کے خلاف کوئی بھی الزام ہے تو انہیں ریاست کے آئین اور قانون کے مطابق عدلیہ کے سامنے پیش کیاجائے۔‘‘

ماہ بلوچ نے مزید کہا کہ میرے بھائی کی گمشدگی کے سبب ہمارا پورا خاندان شدید اذیت سے دوچار ہے، اس سے قبل ہمارے والد کو دوبار اٹھاکر اذیت دینے کے بعد ان کی مسخ شدہ لاش کو پھینک دیاگیا اورہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے بھائی کے ساتھ وہی کچھ نہ ہو جو ابو کے ساتھ ہوا۔

ہم اعلیٰ حکام اور عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے بھائی کی بازیابی کے لئے کردار اداکریں۔