شریف ذاکر پر قاتلانہ حملہ، تربت سول سوسائٹی کی کال پر تربت میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال، کاروباری مراکز بند
تربت سول سوسائٹی کی کال پر معروف سماجی شخصیت اور ساچان گرائمر سکول کے ڈائریکٹر شریف ذاکر پر قاتلانہ حملے کے خلاف آج بدھ کو تربت شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔
ہڑتال کے باعث شہر میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ بینک، پٹرول پمپس، مالیاتی ادارے سمیت دفاتر اور پرائیویٹ ادارے بند ہیں۔
شریف ذاکر پر حملہ کے خلاف آج بدھ کو پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے احتجاجاً اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کیچ بار اور مکران بار ایسوسی ایشن کی طرف سے عدالتی کاروائیوں کے بائیکاٹ کے سبب عدالتی امور بھی ٹھپ رہ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کو نامعلوم افراد نے شریف ذاکر پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے زخمی کیا تھا، ان کے پاؤں پر دو گولیاں لگیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔