کوہلو: ایس بی کے بھرتیوں میں بے ضابطگیاں، متاثرہ امیدواروں کا تحقیقات کا مطالبہ

113

کوہلو میں ایس بی کے کی حالیہ بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ امیدواروں نے کوہلو پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران بھرتیوں میں 2019 کی پالیسی کی خلاف ورزی اور اقربا پروری کے الزامات عائد کیے ہیں۔

متاثرین کے مطابق سرکاری اشتہار میں 144 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن 152 افراد کو بھرتی کر لیا گیا جو واضح خلاف ورزی ہے۔ مزید یہ کہ کئی اعتراضات زیر التوا ہونے کے باوجود بعض افراد کو جلد بازی میں بھرتی کیا گیا جو میرٹ کے برعکس ہے۔

متاثرہ امیدواروں نے کہا ڈی آر سی کمیٹی کے چیئرمین کی نگرانی میں بھرتیوں میں اقربا پروری کی گئی خاص طور پر یونین کونسل نساؤ اوریانی اور سفید میں ایسے امیدواروں کو بھرتی کیا گیا جو میرٹ لسٹ میں شامل نہیں تھے بلکہ فیل ہو چکے تھے۔

متاثرین نے الزام لگایا کہ معذور افراد کے کوٹے میں بھی جعل سازی ہوئی اور صحت مند افراد کو معذور ظاہر کر کے بھرتی کیا گیا ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہیں جو ان کی جسمانی صحت کا واضح ثبوت ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ جب ڈپٹی کمشنر کوہلو سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا یہ حیران کن ہے کہ بھرتیوں کی فہرستیں کہاں سے آئیں اور کس بنیاد پر تیار کی گئیں جب کہ ڈی آر سی کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر خود اس سے بے خبر ہیں۔

متاثرین نے چیف سیکریٹری بلوچستان، سیکریٹری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور کمشنر سبی ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ بھرتیوں کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور قانونی چارہ جوئی پر مجبور ہو جائیں گے۔