بلوچستان کے ضلع خضدار سے سرکاری حمایت یافتہ گروہ کے ہاتھوں ایک خاتون کے اغواء کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔
علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ شب تقریباً ایک بجے کے قریب سرکاری حمایت یافتہ گروہ نے پولیس لائن ایریا میں ایک گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران گھر میں موجود خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلح افراد ایک خاتون کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
واقعے کیخلاف مرکزی شاہراہ پر لواحقین و علاقہ مکینوں کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔ علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسلح گروہ کی سرپرستی بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ثناء اللہ زہری کرتے ہیں۔
خیال رہے بلوچستان بھر میں سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ تشکیل دیئے گئے ہیں جن کو حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ گروہ سیاسی کارکنان سمیت دیگر کے ٹارگٹ کلنگ، اغواء اور منشیات کاروبار کیلئے جانے جاتے ہیں۔
خضدار واقعے کے حوالے سے تاحال ضلعی حکام نے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔