کوئٹہ: سوشل میڈیا ایکٹوسٹ بایزید خان خروٹی گرفتار

141

کوئٹہ معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور چھوٹی چڑیا ویب میڈیا سے وابستہ بایزید خان خروٹی کو کوئلہ پھاٹک کے علاقے سے نامعلوم افراد نے گرفتار کرلیا۔

عینی شاہدین کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس افراد نے اپنا تعارف ایف آئی اے اہلکاروں کے طور پر کرایا اور دعویٰ کیا کہ گرفتاری عدالت کے وارنٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت کوئی بھی اہلکار وردی میں موجود نہیں تھا، نامعلوم افراد نے بایزید خروٹی کو ہتھکڑی لگائی اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

اس دوران وہاں موجود عوام نے بایزید کو چھڑانے کی کوشش کی، جس پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اہلکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کمشنر کوئٹہ کے خلاف چھوٹی چڑیا میڈیا کی خبروں کے حوالے سے تحقیقات کے لیے بایزید خروٹی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تاہم، ایف آئی اے نے اب تک اس گرفتاری کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ بایزید خروٹی کی گرفتاری سے صوبائی حکومت کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کسی سرکاری محکمے نے یہ کارروائی کی ہے۔

بایزید خروٹی کی گرفتاری کے بعد عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے، جس کے باعث خیزی چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بایزید کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور گرفتاری کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔