گوادر: کتاب اسٹال لگانے کی پاداش میں گرفتار طلبا پر ایف آئی آر درج

121

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گذشتہ روز ڈھوریہ اسکول کے سامنے کتاب اسٹال لگانے کی پاداش میں چار بلوچ طالب علموں پر ایف آئی آر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کل پولیس نے کتاب اسٹال پر دھاوا بولتے ہوئے طلبا اور کتابوں کو تھانہ منتقل کیا تھا اور بعد ازاں جب پولیس نے انہیں چھوڑ دیا تھا خفیہ اداروں نے مداخلت کرتے ہوئے طلبا سے پوچھ گچھ کی تھی اور آج ان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بساک نے طلبا پر ایف آئی آر درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شاید دنیا کا پہلا واقعہ ہو جہاں کتاب اسٹال لگا کر کتابیں فروخت کرکے علم پھیلانے کی پاداش میں طالبعلم ایف آئی آر میں نامزد ہوکر جیل کیے گئے ہوں۔

انہوں نے کہاکہ یہ اس ملک و ملک کی قانونی نظام پر ایک زوردار طمانچہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

بساک نے آج سے گوادر میں بلوچستان کتاب کاروان کے کتب میلہ منعقد کرنے کی پاداش میں پولیس کی چار طالبعلموں کو کتابوں سمیت گرفتار کرکے جیل میں ڈالنے سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جاری کتب میلوں پر پولیس کی جانب سے مسلسل رکاوٹیں ڈالنے کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

پہلے سلسلے میں کوئٹہ، تربت، ڈی جی خان، نصیرآباد میں احتجاج ہونگے ۔